جے پور4نومبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیندر سنگھ ہڈانے کہا ہے کہ کانگریس میں عوام ہی وزیر اعلیٰ کا چہرہ ہیں۔مسٹر ہڈا آج یہاں صحافیوں سے راجستھان میں کانگریس کے سی ایم چہرے سے متعلق سوال پر یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے عوام ہی وزیراعلیٰ کے امیدوارہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کانگریس کو اکثریت حاصل ہو جائے گی، اس کے بعد رکن اسمبلی اور ہائی کمان اتفاق رائے سے وزیراعلیٰ طے کرلیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ راجستھان میں کانگریس واضح اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ انہوں نے ایک سوال پرکہا کہ کانگریس میں کوئی اختلاف نہیں اور ٹکٹ کی دعویداری کو اختلاف نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت میں کرپشن عروج پر پہنچ گیا اور اسمارٹ سٹی کے لیے ریاست کوبارہ ہزار کروڑ روپے مرکز سے اب تک نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ شاید وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ کے خراب تعلقات کی وجہ سے ایساہوا۔ مسٹر ہڈا نے مودی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم فصل بیمہ کی اسکیم بیمہ کمپنیوں کی منافع خوری کا ذریعہ بن گئی ہے۔ یہ منصوبہ کسان کے فائدے کے لیے نہیں، بلکہ کمپنیوں کے فائدے کے لیے تیارہواہے۔